لاہور(صباح نیوز)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ نواز شریف کے بغض میں پی ٹی آئی کے لوگ اندھے، بہرے اور گونگے ہو چکے ہیں۔اپنے ایک بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جیل میں پی ٹی آئی کے چور، بددیانت اور کرپٹ لیڈر ہیں لہذا مذاکرات اور پائوں پکڑنے کی ضرورت ان کو ہے، ہمیں ان سے بات کرنے یاان کا چہرہ دیکھنے کا بھی کوئی شوق نہیں ۔انہوں نے کہا کہ الحمدللہ میاں نواز شریف پاکستان واپس بھی آئے، وفاق اور پنجاب میں حکومت بھی بنائی، نواز شریف کے بھائی نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، نواز شریف کی بیٹی پنجاب کے عوام کی دن رات خدمت میں مصروف عمل ہے، جو گڑھے آپ کا نالائق اور بدبخت لیڈر کھود کر گیا تھا شہباز شریف ان کو پر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ نواز شریف اس قوم کی جان، آن بان اور شان ہیں، نواز شریف کے بغض میں آپ لوگ اندھے، بہرے اور گونگے ہو چکے ہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نواز شریف ملک و قوم کی بات کرنے والے لیڈر ہیں، آپ کے لیڈر کی طرح ملک پر ایٹم بم گرانے کی خواہش کرنے والے لیڈر نہیں، حلقے کھولنے کے طعنے دینے والے دوبارہ گنتی کے نام سے ایسے بھاگے جیسے بندر غلیل سے بھاگتا ہے۔