حافظ نعیم الرحمن کی جلائی شمع بنو قابل پورے پاکستان میں روشن ہے، منعم ظفر

226

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کا کہنا ہے کہ بنو قابل پروگرام نوجوان طلبہ و طالبات کے لیے سنہری موقع ہے،بنوقابل کی شمع حافظ نعیم الرحمن نے جلائی جو آج پورے پاکستان کو روشن کررہی ہے،وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تعلیم و ٹیکنالوجی کے زیور سے آراستہ ہونا ہے،ہمیں اس بات کا بھی عزم کرنا ہے کہ ہمیں اپنے والدین کا دست و بازو بنیں گے اور معاشرے میں تعلیم کو پھیلائیں گے،نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں۔

کیماڑی کےبنوقابل ٹیسٹ سے امیرجماعت اسلامی کراچی نے خطاب کرتے ہوئے   کہاکہ صوبہ سندھ میں 73 لاکھ بچوں نے اسکول کی شکل تک نہیں دیکھی،معیاری تعلیم، صحت کی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے،اگر حکومت و ریاست اپنی ذمہ داری پوری نہیں کررہی تو ہم عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،کیماڑی میں الخدمت اور شیراز خان انسٹی ٹیوٹ کے اشتراک سے بنوقابل پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ مایوسی کے گھٹا ٹوپ اندھیروں میں آگے بڑھنا ہے اور ایک قوت بننا ہے،مہنگائی، بے روزگاری، پانی و بجلی کی عدم فراہمی کے باوجود پورے عزم اور حوصلے کے ساتھ تعلیم حاصل کریں،جماعت اسلامی کی ممبر شپ مہم جاری ہے شہری مہم کا حصہ بنیں،عوام حافظ نعیم الرحمن اور جماعت اسلامی کا دست و بازو بن کر اس ملک کے عوام کو مایوسی کے اندھیروں سے نکالیں گے۔