لاہور (پ ر) امیر جماعت اسلامی غربی لاہور عبدالعزیز عابد نے کہا ہے کہ دھرنے کی کامیابی کے بعد رابطہ عوام مہم دوسرے مرحلے میں داخل ہو گئی ہے، مہم کے دوران گھر گھر جا کر لوگوں کو جماعت اسلامی میں شمولیت کی دعوت دی جائے گی اور حکومتی ظلم، بجلی کی قیمتوں میں اضافے، بے جا ٹیکسز اور مہنگائی کے خلاف منظم کیا جائے گا۔ امیر جماعت اسلامی غربی لاہور کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں رابطہ عوام مہم کی تفصیلی منصوبہ بندی کی گئی۔ مہم کے دوران امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کے ویژن پر مہم میں نوجوانوں اور خواتین کو خصوصی اہمیت دی جائے گی۔ خواتین سے رابطے کے لیے انچارج شعبہ خواتین سید راشد دائود بخاری اور حافظ عبداللہ بٹ کی نگرانی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی جو خواتین نظم سے مل کر اس کی بھرپور منصوبہ بندی کرے گی۔ نوجوانوں سے رابطے کے لیے حافظ ذوالنون اور آدم ملک ایڈووکیٹ، میاں صہیب شریف کے ساتھ مل کر ڈور ٹو ڈور رابطے کریں گے، مہم کے دوران مختلف مارکیٹوں اور بازاروں میں کیمپس لگائے جائیں گے، زیادہ سے زیادہ افراد سے رابطے کیے جائیں گے، ڈیجیٹل میڈیا کا بھی بھرپور استعمال کیا جائے گا، عوام خود بھی کیو آر کوڈ کے ذریعے ممبر بن سکتے ہیں، اس سلسلے میں پرنٹ ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر تشہیری مہم بھی چلائی جائے گی۔