مخدوم جمیل الزماں کو استعفیٰ دیکر مخالفت کرنا چاہیے ،نواز لیگ

90

مٹیاری (نمائندہ جسارت) نواز لیگ کے سینٹرل کمیٹی کے رکن سید شاہ زمان نے کہا ہے کہ سندھ میں امن و امان کے مسائل پر مخدوم جمیل الزماں پارٹی سے ناراض ہیں تو پہلے انہیں پارٹی اور ان کے بیٹے صوبائی وزارت سے استعفیٰ دے کر بعد میں مخالفت کریں، مخدوم جمیل کواپنے حلقے مٹیاری، ہالا میں امن کے قیام، سماجی معاشرتی برائیوں کے خاتمے، صاف پینے کے پانی کی فراہمی اور اسپتال، سڑکوں کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کرنے کی فکر کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھانوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سید شاہ زمان نے کہا کہ پی پی کے رکن قومی اسمبلی مخدوم جمیل الزمان اور ان کے صاحبزادے مخدوم محبوب الزماں 15 سال سے سندھ کے صوبائی وزیر ہیں، انہیں پہلے پارٹی اور اپنے بیٹے کے صوبائی وزیر مخدوم محبوب الزماں کو وزارت سے استعفیٰ دلانے کے بعد سندھ حکومت سے لاتعلقی اور ناراضگی اختیار کرنا چاہیے، جبکہ یہ پارٹی کا اندرونی مسئلہ ہے۔ لیگی رہنما سید شاہ زماں شاہ کا کہنا تھا کہ مخدوم جمیل کو اپنے حلقہ ضلع مٹیاری، ہالا میں امن و امان کے قیام کے بارے میں سوچنا چاہیے جہاں صورتحال انتہائی خراب ہے، وہاں آئے روز چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں روز کا معمول ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مخدوم جمیل الزماں ہالا سمیت ضلع مٹیاری کی اسپتالوں، سڑکوں کی بہتر صورتحال کرانے کے علاوہ غیر فعال آراوپلانٹس کوفعال کراتے ہوئے لاکھوں شہریوں کو صاف پانی فراہم کرنے کے لیے عملی کردار ادا کریں۔ ضلع مٹیاری میں مین پڑی، گٹکا کھلے عام خرید و فروخت ہورہاہے جس سے نوجوان نسل تباہ ہو رہی ہے جس کی فکر مخدوم جمیل کو کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ الیکشن میں نواز لیگ سندھ میں کوئی سیٹ نہیں جیت سکی، جس کی وجہ سے قائد میاں نواز شریف نے سندھ کو وفاقی وزارت میں حصہ نہ دیا تو کوئی حرج نہیں، گزشتہ لیگی حکومت میں ایک صدر مملکت ممنون حسین اور 4 سینیٹر سندھ سے اُٹھائے، گورنر سندھ ایم کیو ایم کے اتحادی ہیں اور وہ کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں کی وجہ سے کپاس کی فصل مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے اور پانی کے دباؤ کی وجہ سے کلیان، پرانا ہالا کے ملاں سانونی، بھانوٹ بچائو بند دیگر مقامات پر طویل عرصے سے تعمیراتی کام نہیں ہوا ہے جس سے سیپیج کی وجہ سے دریائے سندھ پر خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔