اسلام آباد (آن لائن)صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ حریت رہنما سید علی گیلانی عرصہ دراز تک امید اور مزاحمت کا چراغ بنے رہے اور بے شمار کشمیریوں کو خودارادیت کی جد و جہد میں ثابت قدم رہنے کا حوصلہ دیا، علی گیلانی اور بے شمار دیگر افراد کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ علی گیلانی کی تیسری برسی کے موقع پر پیغام میں صدر زرداری نے کہا ہے کہ علی گیلانی قید و بند کی صعوبتوں کے باوجود مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لیے آواز اٹھاتے رہے،بھارتی مظالم ان
کے عزم کو کمزور نہ کر سکے اور نہ ہی وہ اپنے مشن سے پیچھے ہٹے۔حریت مجاہد نے کبھی بھی کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حق خودارادیت کی جدو جہد سے ہٹنے نہیں دیا۔ہمیں علی گیلانی کی مثالی زندگی سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے۔صدر زرداری نے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان کی جائز جدوجہد کے لیے اپنی اخلاقی، سفارتی، اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ ۔