نئے چیف جسٹس کاجلد نوٹیفکیشن جاری کیا جائے‘ اپوزیشن لیڈر کا مطالبہ

38

 

اسلام آباد(آن لائن‘اے پی پی ) قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ چیف جسٹس کو عمران خان کے کیسز نہیں سننے چاہئیں جلد از جلد نئے چیف جسٹس کا نوٹیفکیشن جاری کرنا چاہیے، کوئٹہ پریس کلب میں پابندی کیوں لگائی گئی، بلوچستان میں مایوسی پھیل رہی ہے، خوفناک بات ہے کہ لوگ تنگ ہیں، بلوچستان پہ اپنی پالیسی واضح کریں۔ قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ قائمہ کمیٹی انفارمیشن ٹیکنالوجی میں کئی افسران نہیں آئے، افسران نے کہا کہ ہماری جی ایچ کیو میں میٹنگ ہے، کیا یہ بہانے کریں گے، قومی اسمبلی کی رٹ کو قائم کریں، انٹرنیٹ کا کھلا گھونٹ دیا تاکہ بانی پی ٹی آئی کا نام نہ چلے، جواب دیا گیا کہ28 اگست تک انٹرنیٹ اسپیڈ ٹھیک ہو جائے گی، آئی ٹی کمیٹی میں غلط بیانی کی گئی، اب بتایا جارہا ہے کہ انٹرنیٹ ویب سسٹم انسٹال کیا جارہا ہے۔علاوہ ازیںجمعیت علما اسلام (ف)نے قومی اسمبلی میں کورم کی نشاندہی اور واک آئوٹ کے معاملے پرپی ٹی آئی کا ساتھ نہیں دیا۔ تاہم اس موقع پرجے یو آئی کے ارکان مولانا عبدالغفور حیدری، نورعالم خان اور شاہدہ اختر علی سمیت دیگر ارکان ایوان میں موجود رہے اور انہوں نے کورم کی نشاندہی کے ذریعے اجلاس کی کارروائی ملتوی کرانے کی پی ٹی آئی کی کوشش کا ساتھ نہ دیا۔