لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ کی نومنتخب لیبر پارٹی کی حکومت نے ملک میں موجود غیر قانونی تارکین وطن کو واپس ان کے آبائی ممالک بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی حکومت نے3 سالہ ڈی پورٹ پروگرام کے پہلے مرحلے میں امسال کے آخر تک 11 ممالک کے14 ہزار سے زائد تارکین وطن پناہ گزینوں کو ڈی پورٹ کرنے کی منصوبہ بندی کرلی۔ اس حوالے سے برطانوی وزارت داخلہ نے تارکین وطن کو ان کے آبائی ملک بھیجنے کے لیے ایک اشتہار بھی دیا، جس میں اگلے3 سال میں تارکین وطن کو بھیجنے کے لیے ٹینڈر طلب کیا گیا ہے۔ ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات کی مد میں تخمینہ1 کروڑ 50 لاکھ پائونڈ لگایا گیا ہے جبکہ کھانا فراہم کرنے کے علاوہ ان کے خاندان اور نوکری کی تلاش میں مدد فراہم کرنا بھی شامل ہے۔ جن ممالک کے تارکین وطن کو واپس بھیجا جائے گا ان میں البانیہ، بنگلا دیش، ایتھوپیا، گھانا، بھارت، عراق، جمیکا، نائیجیریا، پاکستان، ویت نام اور زمبابوے شامل ہیں۔