نااہل حکمرانوں نے کراچی کی روشنیاں چھین لی ہیں‘ خالد مسعود سندھو

71

کراچی( پ ر) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا کہ نااہل حکمرانوں نے کراچی کی روشنیاں چھین لی ہیں۔ قیام پاکستان کے وقت قربانیاں دینے والے کراچی میں محرومیوں کا شکار ہیں۔ مرکزی مسلم لیگ ہم وطنوں کو کسی شعبے میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ کراچی کے باصلاحیت نوجوانوں کو ہنر مند بھی بنائیں گے اور روزگار بھی فراہم کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے روزگار سہولت پروگرام کے چوتھے مرحلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گزشتہ روز نارتھ ناظم آباد کے مقامی ہال میں روزگار سہولت پروگرام کے چوتھے مرحلے میں سینکڑوں افراد کو روزگار فراہم کیاگیا۔ تقریب میں مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے بطور مہمان خصوصی شرکت و خطاب کیا۔ اور اہل قرار پانے والے درخواست گزاروں میں لیپ ٹاپ ، بائیکس ، لوڈر رکشے ، فوڈ کارڈ سمیت ان کا مطلوبہ روزگار فراہم کیا۔ روزگار کی تقریب سے پروگرام کے چئیرمین انجینئر نعمان علی ، رویت ہلال کمیٹی کے ممبر مفتی محمد یوسف کشمیری ، مہدی اسحاق ، محبوب علی ، وقاص ملک ، طہٰ منیب سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔
روزگار پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا کہ حکمرانوں کی نااہلی نے کراچی کی روشنیاں چھین لی ہیں۔ قیام پاکستان میں قربانیاں دینے والے کراچی میں بستے ہیں۔ بدقسمتی سے مفاد پرست حکمرانوں کی وجہ سے کراچی کے شہری محرومیوں کا شکار ہیں۔ پاکستان کا پڑھا لکھا نوجوان اپنے مستقبل کو تاریک ہوتا دیکھ کر مایوسیوں کا شکار ہے۔ مرکزی مسلم لیگ اپنے ہم وطنوں کو کسی شعبہ میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ نوجوانوں کو ہنر مند بھی بنائیں گے اور روزگار بھی فراہم کریں گے۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ حکمران جماعتیں اور دیگر سیاسی پارٹیوں کو عوامی خدمت کے عملی میدان میں اترنا ہوگا۔روزگار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روزگار سہولت پروگرام کے چئیرمین انجینئر نعمان علی نے کہاکہ بیروزگاری انتہا کو پہنچ چکی ہے۔ کراچی کے باصلاحیت نوجوان بیروزگاری کی وجہ سے ڈپریشن کا شکار ہورہے ہیں۔ مرکزی مسلم لیگ عوام کوخود کفیل بنانے کے مشن پر گامزن ہے۔ اس سے قبل تین مرحلوں میں سینکڑوں افراد کو روزگار فراہم کر چکے۔ جو اس وقت اپنے اہل وعیال کیلیے باعزت روزگار کما رہے ہیں۔ عوام کی خدمت کا سفر جاری رہے گا۔ روزگار سہولت پروگرام کو حیدرآباد میں بھی شروع کرنے جارہے ہیں۔ سندھ بھر میں اس سلسلے کا دائرہ کار وسیع کریں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رویت ہلال کمیٹی کے ممبر مفتی محمد یوسف کشمیری نے کہا کہ حلال روزگار کیلیے جدوجہد کرنا افضل عبادت ہے۔کچھ ہمارے حکمرانوں کی غلطیاں اور کچھ نادان لوگ عوام میں مایوسی پھیلا رہے ہیں۔ نوجوان یاد رکھیں اللہ کی رحمت سے کبھی مایوس نہیں ہونا۔ لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کریں۔ اللہ تعالیٰ تمہارے معاملات میں آسانیاں پیدا کریں گے۔