کراچی:دعا فاؤنڈیشن کے چیئرمین عامر خان اور سیکریٹری ڈاکٹر فیاض عالم نے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کے ساتھ جامعہ کراچی میں مون سون کی شجر کاری مہم شروع کرتے ہوئےنے پودے لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔
دعا فاؤنڈیشن نے مون سون کی شجر کاری مہم میں آب پاشی نظام کے تحت پودوں کی سیرابی کے لیے ڈیڑھ کلومیٹر طویل پائپ مختلف شعبوں میں بچھائے گئے ہیں، جس میں 16 چھوٹے ہائیڈرنٹ موجود ہیں، شجرکاری مہم میں سماجی تنظیم دعا فاونڈیشن، صنعت کاروں اور کارپوریٹ سیکٹر نے تعاون کیا ہے۔
مون سون کی شجر کاری مہم کی تقریب سے دعا فاؤنڈیشن کے چیئرمین اور سیکریٹری نے کہاکہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں اور گلوبل وارمنگ سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں سے ایک ہے۔ موسمیاتی تبدیلی، عالمی درجہ حرارت میں اضافے کے منفی اثرات کم کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ گلوبل وارمنگ اور موسمیاتی تبدیلی کے نقصانات سے محفوظ رہنے کے لیے شجرکاری ایک اہم عامل ہے۔ درخت اور پودے جہاں ہمیں آکسیجن فراہم کرتے ہیں وہیں ماحول کی آلودگی کو بھی کم کرتے ہیں، جو وقت کی اہم ضرورت ہے۔
عامر خان اور ڈاکٹر فیاض عالم نے کہا کہ دعا فاؤنڈیشن نے گزشتہ چند برسوں میں کراچی سمیت سندھ بھر میں مختلف مقامات پر شجر کاری کی ہے جس کے بہترین نتائج سامنے آ رہے ہیں، شجرکاری مہم میں جامعہ کراچی کو پھل دار، پھول دار اور سایہ دار بڑے پودے فراہم کیے گئے ہیں
اس موقع پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے دعا فاؤنڈیشن کے عہدے داروں، ادم جی ڈورا بلٹ کے سی ای او ندیم علی آدم جی اور دوسروں کو شیلڈ بھی پیش کی۔