گھوٹکی، صحافی محمد بچل گھنیو کو قتل کرنے والا ملزم آلہ قتل سمیت گرفتار

238

سکھر (نمائندہ جسارت) گھوٹکی پولیس کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں تیز، شہید صحافی محمد بچل گھنیو کو قتل کرنے والا ایک ملزم آلہ قتل سمیت گرفتار، ترجمان پولیس کے مطابق مورخہ 27 اگست کو تھانہ شہید دین محمد لغاری کی حدود نور شاہ کے علاقے میں صحافی محمد بچل گھنیو کو اسکی برادری کے افراد نے فائرنگ کر کے شہید کر دیا تھا۔شہید صحافی محمد بچل گھنیو کے بھائی کی
مدعیت میں تھانہ شہید دین محمد لغاری پہ کرائم نمبر 68/2024 دفعہ 302,114, 148,149,337H2, ت۔پ و 7ATA کیس درج کیا گیا تھا۔ ایس ایس پی گھوٹکی نے ملزمان کی گرفتاری کیلیے، ڈی ایس پی اباڑو حافظ عبدالقادر چاچڑ، ایس ایچ او تھانہ شہید دین محمد لغاری عبدالشکور لاکھو اور آئی ٹی ممبران کی ٹیم تشکیل دی تھی۔ڈی ایس پی کی سربراہی میں ملزمان کی گرفتاری کیلیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔تشکیل دی گئی ٹیم نے تھانہ شہید دین محمد لغاری کے کیس میں مطلوب ملزم شوکت ولد قادر بخش گھنیو کو قتل میں استعمال کی گئی بندوق سمیت گرفتار کر لیا۔یاد رہے کہ ملزم شوکت گھنیو نے اپنے دیگر 7 ساتھی ملزمان کے ساتھ مل کر صحافی محمد بچل گھنیو کو قتل کر کے موقع واردات سے فرار ہو گئے تھے۔ گرفتار ملزم سے تفتیش کی جارہی ہے، فرار ملزمان کی گرفتاری کیلیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں،انشاء اللہ بہت جلد واقعہ میں ملوث دیگر ملزمان کو بہت جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔