کوئٹہ : وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا پختہ عزم ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ ہدف اجتماعی کوششوں کے ذریعے حاصل کیا جائے گا۔
کوئٹہ میں صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 26 اگست کو بلوچستان میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ بلوچستان پاکستان کا خوبصورت صوبہ ہے اور ہم انفرادی قوت اور مضبوط ارادے سے یہاں سے دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی عناصر اور دہشت گردوں نے بلوچستان میں دہشت گردی کی سازش کی ہے، اور افسوس کی بات یہ ہے کہ 2018 کے بعد سے دہشت گردی کے واقعات میں دوبارہ اضافہ ہوا ہے، لیکن اس بار اسے پوری قوت سے کچل دیا جائے گا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ آرمی چیف کی قیادت میں دہشت گردی کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا اور پاکستان اپنی کھوئی ہوئی پوزیشن دوبارہ حاصل کرے گا۔ انہوں نے پاک فوج کے شہید جوانوں اور افسروں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
اس سے قبل، وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے جہاں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزراء احسن اقبال، جام کمال خان اور محسن نقوی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی، اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی، وزیر مواصلات و تعمیرات عبدالرحمان کھیتران، چیف سیکریٹری شکیل قادر، انسپکٹر جنرل پولیس اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے ایئرپورٹ پر وزیراعظم کا استقبال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے کوئٹہ قیام کے دوران گورنر بلوچستان، وزیراعلیٰ اور صوبائی کابینہ کے ارکان سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔