جولائی کی ماہانہ جیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست: نیپرا نے فیصلہ محفوظ کرلیا،کراچی میں اضافے کیلئے سماعت آج ہوگی

114

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے جولائی کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے لیے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی ( سی پی پی اے) کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔نیپرا میں بجلی کی قیمت میں 31 پیسے کمی کے لیے دائر کی گئی درخواست میں سی پی پی اے حکام نے بتایا کہ جولائی کے مہینے کا ساڑھے 4 ارب کا عوام کو ریلیف ملے گا، جولائی میں پانی سے 4 فیصد کم جب کہ درآمدی کوئلے سے زیادہ بجلی پیدا ہوئی ہے اور عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں کمی کا رجحان رہا ہے۔نیپرا حکام نے کہا کہ اب تو بجلی کے بل گھروں کے کرایوں سے بڑھنے کی خبریں چلتی ہیں، یہ سن کر ہمارے سر شرم سے جھک جاتے ہیں۔سماعت کے دوران نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کے حکام نے نیپرا کو بتایا کہ صارف تو 12،13 ہزار میگاواٹ بجلی استعمال کرتا ہے مگر قیمت40 ہزار میگاواٹ کی ادا کرتا ہے۔نیپرا کی جانب سے سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کرلیا گیا،نیپراکی جانب سے مزید ڈیٹاکی جانچ پڑتال کے بعد فیصلہ جاری کیا جائے گا جب کہ کراچی میں بجلی کی قیمت میں اضافے سے متعلق کے الیکٹرک کی درخواست کی سماعت آج ہوگی۔