حکومت کسی صورت تاجروں کے دبائو میں نہیں آئے گی،کوآرڈینیٹر وزیراعظم،ایف بی آر ٹیکس اسکیم میں تاجروں کی مرضی سے تبدیلیوں کیلئے تیار

210

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف کے کوآرڈینٹر رانا احسان افضل کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کسی صورت تاجروں کے دباؤ میں نہیں آئے گی، ریٹیلیرز کو بہر صورت ٹیکس نیٹ میں آنا پڑے گا۔ اس حوالے سے جاری کردہ بیان میں احسان افضل نے کہا کہ ہم مذاکرات سے نہیں بھاگیں گے لیکن تاجروں کے پریشر میں نہیں آئیں گے اور اگر تاجروں کو لگتا ہے ہم غلط کر رہے ہیں تو دوبارہ بیٹھ سکتے ہیں‘ وزیراعظم کو ایف بی آر کی تنظیم نو کرنی ہے، ریٹیل سیکٹر کو ٹیکس نیٹ میں آنا ہوگا۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ٹیکس اسکیم میں تاجروں کی مرضی کی تبدیلیوں کے لیے تیار ہو گیا۔ ایف بی آر کے ذرائع کے مطابق اگر تاجر تیار ہوں تو ترمیمی نوٹ فوری جاری ہو سکتا ہے‘ چھوٹے تاجروں کو ٹیکس سے مستثنا قرار دینے کی ترمیم مسودے میں شامل ہے۔ انکم ٹیکس گوشوارے کا فارم سادہ اور آسان اردو زبان میں جاری کیا جائے گا، 10 کروڑ روپے سالانہ ٹرن اوور پر سیلز ٹیکس کا اطلاق نہ کرنے کی تجویز ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر کی جانب سے تاجروں کے لیے انکم ٹیکس ٹیبل میں ترمیم کا بھی امکان ہے۔