بھارتی خفیہ اداروں نے ایک ایسی مبینہ وڈیو کا پتا لگایا ہے جس میں فرحت اللہ غوری نامی عسکریت پسند اپنے پیرو کاروں سے کہہ رہا ہے کہ وہ ملک بھر میں ٹرینوں پر حملے کریں۔ اس وڈیو کے منظرِعام پر آنے کے بعد ملک بھر میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
جنوبی ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور میں مارچ 2024 میں رامیشورم کیفے کے دھماکے کو بنیاد بناکر بھارتی خفیہ اداروں نے ایک بار پھر مسلمانوں کے خلاف فضا سازگار کرنا شروع کردیا ہے۔ رامیشورم کیفے میں گھریلو ساختہ بم کے دھماکے سے 10 افراد زخمی ہوئے تھے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ فرحت اللہ غوری اعلان کردہ دہشت گرد ہے جو دہشت گردی کی کئی بڑی وارداتوں کے حوالے سے مطلوب ہے۔ بھارتی میڈیا کا یہ بھی دعوٰی ہے کہ فرحت اللہ غوری آج کل پاکستان میں ہے۔ یہ الزام بھی عائد کیا جاتا رہا ہے کہ بنگلور کے رامیشورم کیفے میں دھماکا فرحت اللہ غوری نے پاکستانی خفیہ اداروں کی معاونت سے کیا تھا۔
فرحت اللہ غوری کے معاملے کو بھارتی میڈیا نے اچھالنا شروع کردیا ہے۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ فرحت اللہ غوری کی وڈیو اصلی ہے یا نقلی۔ آج کل مصنوعی ذہانت کے ذریعے بھی بہت سا سمعی و بصری مواد تیار کیا جارہا ہے۔ کسی بھی شخص کی جعلی وڈیو بناکر بدگمانیاں پھیلائی جاسکتی ہیں۔ بھارتی خفیہ ادارے اچانک فرحت اللہ غوری کی وڈیو کے ساتھ سامنے آئے ہیں اور دعوٰی کر رہے ہیں کہ فرحت اللہ غوری ملک گیر سطح پر دھماکوں کی تیاری کر رہا ہے۔