میرپور ماتھیلو (صباح نیوز+ مانیٹرنگ ڈیسک) رانتی کے علاقے میں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے صحافی بچل گھنیو کو قتل کردیا، اہلخانہ اور صحافیوں کا لاش سمیت احتجاجی مظاہرہ و دھرنا، قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے صحافی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بچل گھنیو کا قتل آزادی اظہار رائے پر حملہ ہے، قتل میں ملوث افرادکو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق اوباوڑو کے قریب رانتی میں نامعلوم ملزمان نے نجی نیوز چینل کے نمائندے محمد بچل گھنجو کو فائرنگ کرکے شہید کردیا۔ صحافی محمد بچل گھنجو صبح کے وقت اپنی زرعی زمین پر جا رہے تھے کہ گھات لگائے مسلح افراد نے فائرنگ کردی، ان کی لاش فوری طور پر تعلقہ اسپتال اوباوڑو منتقل کردی گئی اور ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کی گئی۔ اس واقعے پر صحافیوں میں اشتعال پھیل گیا اور مختلف صحافی تنظیموں کے رہنماؤں اعظم سہریانی، لطیف لغاری، قاضی اگن شر اور دیگر صحافیوں و شہید صحافی کے ورثا کی جانب سے لاش ایس ایس پی میرپور ماتھیلو کے دفتر کے سامنے رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔ دوسری جانب پولیس ترجمان نے کہا ہے کہ ملزمان کے تعاقب میں پولیس روانہ کردی گئی ہے اور جلد ہی انہیںگرفتار کر لیا جائے گا۔