پنجاب جشن آزادی بین الصوبائی باسکٹ بال کا چیمپئن بن گیا

80

اسلام آباد (اسپورٹس ڈیسک)جشن آزادی بین الصوبائی باسکٹ بال چیمپئن شپ میں پنجاب نے مینز اور ویمنز ٹائٹل جیت لیا۔فیڈرل باسکٹ بال ایسوسی ایشن اور پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام 5 روزہ جشن آزادی بین الصوبائی باسکٹ بال چیمپئن شپ لیاقت جمنازیم ہال پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں منعقد ہوئی ،جس میں 150 سے زائد مینز اور ویمنز کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ ویمنز کیٹیگری میں بین الصوبائی باسکٹ بال چیمپئن شپ پہلی مرتبہ منعقد ہوئی ۔5 روزہ بین الصوبائی باسکٹ بال چیمپئن شپ میں پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان اور میزبان اسلام آباد اے اور اسلام آباد بی شامل تھیں۔ اس طرح مینز کیٹگری میں پہلی پوزیشن پنجاب،دوسری خیبر پختونخوا اور تیسری پوزیشن اسلام آباد اے نے حاصل کی۔جشن آزادی بین الصوبائی باسکٹ بال چیمپئن شپ کے مقابلے فیڈرل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل اوج ظہور نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے تعاون سے بڑے احسن طریقے سے منعقد کیے ۔ ایونٹ میں جن ٹیکنیکل آفیشلز نے میچز سپروائز کئے ان میں سعادت جہانگیر، نوید احمد، گل جمال، معظم نوید رائو،محمد مدثر، انور خان،چودھری محمد ندیم، محمد پریم شہزادہ، عمر محمود،یاسر غفور، عدیل احسن رضا جبکہ ٹیبلز آ فیشلز میں ایم ایم عالم، محمد یعقوب ماما،یاسرمجتبی، محمد طارق، محمد رضوان ، محمد عبداللہ ، حمزہ افتخار شامل تھے۔ اختتامی تقریب کے موقع پر ندیم ارشاد کیا نی وفاقی سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان ا سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل محمد یاسر پیر زادہ مہمان خصوصی تھے۔