”کشمیر سپریم لیگ” سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں، محکمہ اسپورٹس

61

مظفر آباد(نمائندہ خصوصی)ترجمان محکمہ اسپورٹس ،یوتھ اینڈ کلچر نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں مختلف پرنٹ و سوشل میڈیا فورمز پر ”کشمیر سپریم لیگ” کے انعقاد کے حوالے سے گردش کر نے والی خبروں سے محکمہ کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ اس لیگ کے انعقاد کے لیے نہ تو حکومت آزادکشمیر سے اجازت لی گئی ہے اور نہ ہی محکمہ ا سپورٹس یوتھ اینڈ کلچر کے پاس این او سی کے حوالے سے کوئی درخواست موصول ہوئی ہے۔ محکمہ ا سپورٹس ،یوتھ اینڈ کلچر،کشمیر کے نام سے شروع کی جانے والی لیگ کے اغراض و مقاصد سے لاعلم ہے ۔لیگ کے لیے کشمیر کا نام استعمال کرنے پر ہرجانے کا دعوی بھی کیا جا سکتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ایک خودمختار باڈی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ بھی آزادکشمیر میں کسی بھی طرز کی کھیلوں کے حوالے سے ایکٹویٹیز کو لانچ کرنے سے پہلے حکومت آزادکشمیر کے محکمہ اسپورٹس ،یوتھ اینڈ کلچر سے باقاعدہ این او سی لیتا ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ آزادکشمیر کے شہری کشمیر سپریم لیگ کے حوالے سے مختلف میڈیا فورمز پر چلنے والی خبروں پرکان نہ دھریں۔ آزادکشمیر کی حکومت اور عوام مثبت کھیلوں کی سرگرمیوں کو سراہتے ہیں اور ریاستی سطح پر ہونے والی جملہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے حکومت آزادکشمیر ہر ممکن تعاون بھی فراہم کرتی ہے تاہم مجوزہ لیگ کا کوئی ریکارڈ حکومت آزادکشمیر کے پاس موجود نہیں اور نہ ہی حکومت اس حوالے سے منعقدہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی حمایت کر ے گی۔