اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان محمد کاشف چودھری نے کہا ہے کہ تاجروں کی آج ہونے والی ملک گیر شٹر ڈائون ہڑتال کی تمام تیاریاں مکمل،خیبر سے کراچی تک شہر شہر ، گائوں گائوں شٹر ڈائون ہوگا، ملک گیر شٹر ڈائون ہڑتال عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگی حکومت نے شٹر ڈائون ہڑتال کو ناکام بنانے کے لیے ایڑھی چوٹی کا رو ز لگایا لیکن منہ کی کھانی پڑی حکومت نے مسائل کے حل کے بجائے ہر ضلع میں انتظامیہ کے ذریعے دبائو ڈالنے کی کوشش کی لیکن مشرف کی آمریت کا مقابلہ کرنے والے تاجر خوف کی سیاست کو پروان چڑھانے والوں کے دبائومیں نہیں آئے اور نہ ان کا خوف تاجروں کو ڈرا سکا، مجھے اپنے تاجروں پر فخر ہے کہ وہ دبائوکو خاطر میں نہ لائے میرا تاجر کسی کے دبائو میں نہیں آئیگامطالبات کی منظوری تک کوئی مذاکرات نہیں ہونگے اور آج کی کامیاب ملک گیر کامیاب شٹر ڈائون ہڑتال عوامی ریفرنڈم ہوگا۔آج شام تک تاجر دوست اسکیم کو ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری نہ کیا گیا اور بجلی کے بلوں میں 13 قسم کے ٹیکسز ختم نہ کیے گئے تو تاجر غیر معینہ مدت تک شٹر ڈائون کریں گے،ان خیالات کا اظہار انہوںنے منگل کو چاروں صوبوں کے دوروں اور تاجروں کے مشاورت کے بعد تاجر رہنمائوں کے ہمراہ نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔کاشف چوہدری نے کہا کہ تاجروں کے اتحاد و اتفاق سے حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اسی لئے دھونس ، دبائو اور خوف کی سیاست سے تاجروں کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن ہم کسی دبائو میں نہیں آئیں گے ، شٹر ڈائون ہڑتال تجارت اور معیشت بچانے کا پیش خیمہ ثابت ہوگی،شٹر ڈائون ہڑتال تاجر دوست اسکیم کے خاتمے اور بجلی و گیس کے بلوں میں ٹیکسز کے خلاف ہے ،آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظرثانی نہ ہوئی تو ہڑتال جاری رہے گی شٹر ڈائون ہڑتال عام کے غیظ و غضب کا اظہار ہے ۔