چوہدری شجاعت سے مولانا فضل الرحمن کی ملاقات، امن و امان اورسیاسی امور پرگفتگو

256
law and order and political issues

لاہور : امیر جمعیت علماء اسلام(ف) مولانا فضل الرحمن نے سابق وزیر اعظم و پاکستان،مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پرملاقات کی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور سابق وفاقی وزیر چوہدری وجاہت حسین بھی ملاقات میں موجود تھے۔

مولانا فضل الرحمن نے سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔ ملاقات کے دوران ملک میں امن وامان اور سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ مولا نا فضل الرحمن کے ساتھ ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں۔چوہدری ظہور الہٰی کے دور میں مولانا فضل الرحمن کے والد مولانا مفتی محمود کے ساتھ گہرے مراسم تھے۔تعلقات کا یہ سلسلہ مولانا فضل الرحمن کے ساتھ آج بھی قائم ہے اور قائم رہے گا۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین ہمارے بزرگ اور دوست ہیں۔ ہم یہاں ان کی عیادت کیلئے آئے تھے لیکن انہوں نے 22اگست کے سپریم کورٹ کے فیصلے کی خوشی میں ہمیں حلوہ کھلایا۔چوہدری شجاعت حسین نے ختم نبوت کے حوالے سے سپریم کورٹ میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔

مولانا امجد خان نے بتایا کہ 1974ء میں قومی اسمبلی میں پاس ہونے والی قرارداد اور اسمبلی کی مکمل کارووائی کو کتابی شکل دے دی گئی ہے۔ پانچ جلدوں میں چھپی ہوئی یہ کتاب جلد آپ کو بھجوائیں گے۔ ملاقات کے اختتام پر چوہدری شجاعت حسین کی مکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی گئی۔ سابق وفاقی وزیر چوہدری وجاہت حسین، ترجمان جے یو آئی اسلم غور ی، حافظ نعیم، حافظ غضنفر، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات جے یو آئی مولانا امجد خان اور دیگر بھی ملاقات میں موجود تھے۔