وزیراعظم کی جان شیر خان کے علاج کیلیے ہر ممکن اقدامات کی ہدایت

83

اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف سے اسکواش کے مایہ ناز کھلاڑی اور سابق عالمی و برٹش اوپن چیمپئن جان شیر خان نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو جان شیر خان کے علاج معالجہ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے جان شیر خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اسکواش کے کھیل کو مقبول بنانے اور اس کھیل کے فروغ کے لیے آپ کی خدمات قابل قدر ہیں، آپ نے اپنے کھیل سے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا، پوری قوم کو آپ کی کامیابیوں پر فخر ہے، حکومت ملک میں اسکواش سمیت تمام کھیلوں کے فروغ کے لیے خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان اور اسپورٹس کی بہترین سہولیات کی فراہمی حکومتی ترجیحات ہیں۔ اسکواش کے کھلاڑی جان شیر خان نے کہا کہ میں وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے تعاون کا یقین دلایا ہے۔