ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، وزیر اعظم

222

  اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے علاقے موسیٰ خیل میں مسافروں کو فائرنگ کرکے قتل کرنے  کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ہماری جنگ جاری رہے گی۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق وزیر اعظم نے بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی پر شدید غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کے ذمہ دار دہشتگردوں کو قرار واقعی سزائیں دی جائیں گی، ملک میں کسی بھی قسم کی دہشتگردی قطعاً قبول نہیں۔

شہباز شریف نے مقامی انتظامیہ کو لواحقین کے ساتھ مکمل تعاون اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔

خیال رہے کہ بلوچستان کے علاقے موسیٰ خیل میں مسلح افراد نے شاہراہ پر ناکہ لگا کر مختلف گاڑیوں سے مسافروں کو اتار کر 23 مسافروں کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور 10 گاڑیوں کو آگ بھی لگادی، واقعات کی تحقیقات کے لیے پولیس کی کارروائی جاری ہے۔