قومی اسمبلی میں اسلام آباد مقامی حکومت ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور

309
Amendment Bill passed

اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد مقامی حکومت ترمیمی بل منظور کر لیاگیا۔اپوزیشن کی مخالفت،بل کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد مقامی حکومت 2024 کی منظوری کیلئے قواعد معطل کیے جائیں۔رکن اسمبلی عالیہ کامران نے کہا کہ اس سال ایک بھی ایسی قانون سازی نہیں ہوئی جو ہم نے قواعد معطل کر کے نہیں کی ہو۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ حکومت میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق بل قائمہ کمیٹی نے متفقہ طور پر منظور کیا ہے۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں محمد عاطف خان نے کہا کہ حکومت کئی مرتبہ اسلام اباد میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کر چکی ہے ‘حکومت سے یقین دہانی حاصل کی جائے کہ اب الیکشن مزید تاخیر کا شکار نہیں ہوگا۔

وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ میں طالب علم ہوں اور آپ سب سے سیکھ رہا ہوں۔اعظم نذیر تارڑ کا مسکراتے ہوئے جواب دیا اور کہا کہ الیکشن کیسے ہوگا یہ الیکشن کمیشن کا کام ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ آپ بتائیں کہ بلدیاتی انتخابات میں کوئی رکاوٹ تو نہیں ڈالیں گے جس پر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ میں نہیں کہہ سکتا کہ الیکشن ہوں گے یا نہیں ‘آئین کے آرٹیکل 140 اے کے تحت الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔

اپوزیشن کے رہنما بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 140 میں صوبوں سے متعلق الیکشن کا تذکرہ ہے آئین میں وفاقی دارالحکومت میں انتخابات کیسے ہوں گے یہ ذکر نہیں۔ الیکشن کمیشن نے شفاف انتخابات نہ کرا کے ملک کی کشتی ڈبوئی ہے۔ الیکشن کمیشن کو دوبارہ مزید انتخابات کرانے کا حق نہیں ۔

رکن اسمبلی خرم نواز نے کہا کہ اسلام آباد میں مقامی حکومتوں کے نمائندوں کے بیٹھنے کی جگہ نہیں ہے پہلے بیٹھ کر ان مسائل کا حل نکالیں۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ 2015میں بلدیاتی الیکشن کے بعد مزید پیچیدگیاں پیدا ہوئیں جو ماڈل دنیا کے دارالحکومتوں کا ہے اس کے قریب لایا جائے۔اس قانون سازی کا مقصد مقامی سطح پر لوگوں کو با اختیار بنانا ہے، الیکشن دو چار دن آگے پیچھے بھی ہو جائیں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھنگ کے کاشت سے متعلق،بھنگ کے کنٹرول اور انضباطی اتھارٹی کا بل 2024 پر رپورٹ ایوان میں پیش کر دی گئی۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اپیلٹ ٹریبونل کے قیام کے بل پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کر دی گئی۔ غیر ملکی سرکاری دستاویزات کے قانونی جواز کے خاتمے پر کنونشن کو موثر بنانے کے بل سے متعلق قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی۔ نجکاری کمیشن ترمیمی بل 2024 پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی۔ علاقہ دارالحکومت اسلام آباد مقامی حکومت ترمیمی بل 2024 پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی۔ قومی اسمبلی میں نیشنل اکنامک کونسل کی سالانہ رپورٹ اور فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی سالانہ رپورٹ 2021-22 پیش کردی گئی ۔