سکھر (نمائندہ جسارت ) ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی راجہ دھاریجو کی زیر صدارت ڈی سی آفس سکھر میں پولیو سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اے ڈی سی ٹو بشریٰ منصور، اے سی سکھر ڈاکٹر فرحاج الدین، اے سی سکھر سٹی صوبیہ فلک راؤ، اے سی روہڑی لبیکہ اکرم، این سٹاپ آفیسر ڈاکٹر وقار احمد ڈہر، ڈاکٹر سہیل، ڈاکٹر سراج، اے ڈی ایچ او سکھر ڈاکٹر جاوید سمیت محکمہ تعلیم، صحت، پولیس و دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر سکھر نے یو سی راہوجا کے ماکا پمپنگ اسٹیشن پر پولیو کے منفی نتائج آنے پر پوری ٹیم کو مبارکباد دی، ڈپٹی کمشنر سکھر نے صالح پٹ اور نیو سکھر میں 2 رفیوزل کیسز کے حوالے سے متعلقہ حکام سے پوچھ گچھ کی۔ ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی راجہ نے ہدایت کی کہ پولیو مہم کے بعد ضلع بھر میں خسرہ کی مہم بھی چلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنے اپنے تعلقوں میں ویڈیو پیغام ریکارڈ کر کے ٹیم ممبران کے ساتھ شیئر کریں پولیو کے خاتمے کے لیے فیلڈ اپروچ کو بہتر کرنا ہو گا، انہوں نے کہا کہ دفتر میں بیٹھ کر کام کرنے سے پولیو کا خاتمہ نہیں ہو سکتا۔ ڈپٹی کمشنر سکھر نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کی ٹیموں کی مناسب تربیت کی جائے اور اس عمل کی نگرانی متعلقہ ای سیز کی ذمہ داری ہوگی۔ ڈی سی سکھر نے مزید کہا کہ پولیو مہم میں سست کارکردگی دکھانے والے یو سیز میں اصلاحات لائی جائیں، ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنے اپنے تعلقوں میں یوسی سطح کی کمیٹیوں کا اجلاس بلا کر انہیں فیلڈ میں رہنے کا پابند بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر سکھر نے اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر صالح پٹ اور نیو سکھر کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف تحریری شکایت اعلیٰ حکام کو دی جائے گی، ٹریننگ کی وجہ سے کسی بھی آؤٹ ریچ سیشن کو کبھی بھی منسوخ نہ کیا جائے تاکہ اگلی پولیو مہم کے دوران کوئی بچہ پولیو مہم سے محروم نہ رہے۔ ڈپٹی کمشنر سکھر نے کہا کہ ضلع کے تمام یو سی ایم اوز اور ایریا انچارجز کے ساتھ جلد میٹنگ منعقد کی جائے گی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر وقار احمد ڈہر اور ڈاکٹر سہیل نے بتایا کہ ضلع سکھر میں پولیو مہم 9 ستمبر سے 15 ستمبر تک جاری رہے گی۔، بریفنگ میں بتایا گیا کہ زیرو ڈوز مہم میں کافی بہتری آئی ہے، جبکہ پولیو مہم کو مزید موثر بنانے کے لیے مزید 11 ٹیمیں مقرر کر دی گئی ہیں، تمام ٹیموں کی تربیت مائیکرو پلان کے تحت کی جائے گی۔