راولپنڈی ( رپورٹ :سید وزیرعلی قادری ) راولپنڈی ٹیسٹ میچ میں بنگلادیش نے پاکستان ٹیم کو دس وکٹوں سے شکست دے دی‘دوسری اننگز میں قومی ٹیم 146رنز پر ڈھیر ہوگئی ‘اس طرح بنگلا دیش کو جیت کے لیے صرف 30رنز کاہدف ملا جو اس نے اوپنرز نے حاصل کرلیا۔پہلی اننگز ڈیکلیئرکرنے کافیصلہ قومی ٹیم پر بھاری پڑگیا‘ بنگلا دیش نے پہلی اننگز میں117رنز کی برتری حاصل کی جس کی بدولت بنگلا دیش کو جیت کے لیے محض30رنز کا ہدف ملا‘ جو بغیر کسی نقصان پر پورا کرلیا۔راولپنڈی ٹیسٹ میچ کے آخری روز پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر اننگز کا آغاز کیا ہی تھا کہ کپتان شان مسعود محض 5 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد وکٹ گنوا بیٹھے۔اس کے یکے بعد دیگرے بابراعظم 22، عبداللہ شفیق 37، شاہین شاہ آفریدی 2، نسیم شاہ 3، سعود شکیل، سلمان علی آغا اور محمدعلی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ محمد رضوان نے 51 رنز بنائے، پاکستان کو بنگلادیش کے خلاف صرف 29 رنز کی برتری حاصل تھی۔بنگلادیش کی جانب سے دوسری اننگز میں مہدی حسن میراز 4، شکیب الحسن 3 جب کہ شورف الاسلام، ناہید حسن اور حسن محمود نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل کھیل کے چوتھے روز بنگلا دیش پاکستان کے 448 رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں 565 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، مہمان ٹیم نے پہلی اننگز میں 117رنز کی برتری حاصل کی۔ مشفق الرحمن کو پہلی اننگز میں 199رنز بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیاگیا۔