بنگلا دیشی عدالت عظمیٰ کے سابق جج پر عوام کا تشدد‘ تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل

150

ڈھاکا (مانیٹرنگ ڈیسک) بنگلادیش میں عدالت عظمیٰکے سابق جج شمس الدین چودھری مانک عدالت پیشی پر عوام کے غیض و غضب کا نشانہ بن گئے۔بنگلادیشی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز سابق جج کو سلہٹ کی عدالت میں لایا گیا تو قیدیوں کی وین سے نکلتے ہی عوام نے ان پر لاتوں اور مکوں کی برسات کردی‘مختلف جماعتوں کے کارکنوں اور رہنماؤں نے سابق جج پر پانی کی بوتلیں، انڈے اور جوتے بھی پھینکے۔بنگلادیشی میڈیا کا بتانا ہے کہ حملے کے بعد 75 سالہ سابق جج کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے۔اسپتال ذرائع کے مطابق جسٹس مانک کے جسم پر کئی زخم موجود تھے اور انہیں اندرونی چوٹیں بھی آئی ہیں جس کے باعث ان کی حالت تشویشناک ہے‘ فوج اور پولیس کے اہلکار سابق جج کی حفاظت پر مامور ہیں اور اسپتال کے اطراف میں سیکورٹی سخت کردی گئی ہے۔خیال رہے کہ جمعے کے روز بنگلادیشی سپریم کورٹ کے سابق جج شمس الدین چوہدری مانک کو بھارت فرار ہوتے ہوئے بھارتی سرحد کے قریب گرفتار کیا گیا تھا۔