زرداری نے مولانا سے دو تہائی اکثریت کیلیے ملاقات کی ہے‘ محمود اچکزئی

97

مردان (مانیٹرنگ ڈیسک) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ زرداری نے مولانا سے دو تہائی اکثریت کے لیے ملاقات کی ہے، صرف 9 مئی کی نہیں دوسرے معاملات کی بھی تحقیقات ہونی چاہیے۔ مردان پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے محمود اچکزئی نے دعویٰ کیا کہ زرداری نے مولانا سے دو تہائی اکثریت کے لیے ملاقات کی ہے، سیاسی جماعتیں بھی چندے کے نام پر رشوت لے رہی ہیں۔ پاکستان میں حق حکمرانی سب سے بڑا مسئلہ ہے، انتخابات میں ملک بھر میں پی ٹی آئی جیت چکی ہے اور حکمرانی بھی اس کا حق ہے‘ اگر ملک میں آئین کی حکمرانی ہوتی تو پاکستان نہ ٹوٹتا، بھٹو کو پھانسی نہ ہوتی اور نہ ہی بینظیر قتل ہوتی۔محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈوب رہا ہے، پاکستان کے تمام مسائل اندرونی ہیں اور ہم بھیڑیوں کی طرح ملک کو نوچ رہے ہیں‘ ملک میں بسنے والی تمام قومیتوں کو برابر کے حقوق دیے جائیں، ہم خیرات نہیں اپنا حق مانگ رہے ہیں‘ فوج اور ایجنسیوں کے بغیر ملک نہیں چلتا‘پاکستان چلانے کے لیے آئین کی بالادستی اور پارلیمنٹ کو طاقت کا سر چشمہ تسلیم کرنا ہوگا‘ ماضی میں نوازشریف نے وزارت کی پیش کش کی تھی مگر میں نے انکار کردیا تھا۔