خبر ہے کہ حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس بات میں کوئی شبہ نہیں ہے کہ اگر اس فیصلے پر عمل درآمد ہوا تو بندہ مزدور جس کے روز و شب ہر گز آسان نہیں ہیں، یوٹیلیٹی اسٹورز کے بند ہونے کے بعد مزید تلخ ہو جائیں گے جو تھوڑا بہت ریلیف اشیاء خوردونوش پر مزدور اور محنت کش طبقہ کو مل رہا ہے وہ بھی چھن جائے گا۔ محنت کش اور مزدور طبقہ کے لیے پہلے بھی حکومت نے ایسے خاص اقدامات نہیں کیے کہ اب ایک واحد اور ناکافی ریلیف بھی چھین لے۔ یاد رہے کہ دنیا بھر میں فلاحی ریاستیں اپنے کم آمدنی والے طبقوں کو اشیاء خوردونوش پر سبسڈی اور یوٹیلیٹی اسٹورز کی سہولت اس لیے فراہم کرتی ہیں کہ ان کے لیے کچھ آسانی پیدا ہو سکے۔ مگر پاکستان میں خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے والے طبقات کی بڑی تعداد کے باوجود حکومت کا یہ فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ اس سے محروم طبقات کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔