پولیس پر حملہ کرنیوالوں کو نہیں چھوڑیں گے،مریم نواز

38

رحیم یار خان (آن لائن)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف پولیس کا حوصلہ بڑھانے کے لیے خودرحیم یار خان پہنچ گئیں۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے زخمیوں کی عیادت کی اور شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات کی، ان کو دلاسہ دیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے شیخ زیداسپتال رحیم یار خان کا دورہ کیااور کچے میں ڈاکوؤں کے حملے میں زخمی پولیس جوانوں کی عیادت کی۔شیخ زید اسپتال میں زخمی وسیم ارشد،بلال،فاروق، نبیل شہزاد، زاہد،سعیداورمحمد ایوب کے لیے صحت یابی کی دعا کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے زخمی جوانوں کے والدین اوراہل خانہ سے بھی ملاقات کی ،انہوںنے کہاکہ پولیس کے جوان بھائیوں اور بیٹوں کی مانند ہیں۔انکی تکلیف کو اپنی پریشانی سمجھتی ہوں۔ حملہ کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔ مریم
نوازنے اسپتال کے ڈاکٹر اور اسٹاف کی بھی بات سنی اور مسئلہ حل کرنے کی ہدا یت کی۔ بعدازاں وزیر اعلیٰ نے ڈی پی او آفس رحیم یار خان میں شہدا کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔پولیس شہدا میں محمد عمران، راشد، ساجد، احمد، زاہد، منیر،نذر عباس، انس ستاراور عبداللہ شامل تھے۔ راہ حق کے لیے جان دینے والوں میں3 ہندو جوان اجے رام، بیرم رام اور راجا کنول بھی شامل ہیں۔وزیر اعلیٰ نے شہدا کے والدین، اہل خانہ اور بچوں سے ملاقات کی اور شہدا کے لیے دعا مغفرت کی۔انہوںنے پولیس شہدا کے غمزدہ اہل خانہ کو دلاسہ دیا، باری باری شہدا کے ورثا کے پاس گئیں۔ علاوہ ازیںوزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو ڈی پی او آفس کمیٹی روم میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو کچے میں ہونے والے سانحہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا -چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، معاون خصوصی راشد نصر اللہ، ہوم سیکرٹری نور الامین مینگل، آئی جی پولیس ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل آئی جیز،پولیس اور انتظامی حکام بھی ہمراہ تھے۔