بیروزگاری سے بچایا جائے،ملازمین یوٹیلیٹی اسٹورز آصف زرداری سے اپیل

189
شکارپور/ سکھر: یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین وفاقی حکومت کے فیصلے کے خلاف پریس کلب پر احتجاج کررہے ہیں
شکارپور/ سکھر: یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین وفاقی حکومت کے فیصلے کے خلاف پریس کلب پر احتجاج کررہے ہیں

شکارپور / سکھر (نمائندگان جسارت) وفاقی حکومت کی جانب سے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن بند کرنے کے فیصلے کے بعد ملازمین نے احتجاج کیا، ملازمین نے زونل آفس سے ریلی نکالی جو مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے پریس کلب پہنچی جہاں احتجاج کیا گیا، مظاہرین نے بازوئوں پر سیاہ پٹیاں اور ہاتھوں میں سیاہ جھنڈے اور کتبے اْٹھائے ہوئے تھے جن پر مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔ ریلی سے زونل مینیجر جاوید حسین زردار، ایریا مینیجر فدا حسین بنگلانی، ظہیر احمد کوھارو، ذوالفقار علی بنگلانی، مصور علی میمن، محمد حسین بابو انصاری، عبدالغنی سومرو، نعیم مہر، قربان مہر، ارشاد کمانگر، جہانگیر عرف جانی سومرو کی قیادت میں نکالی گئی ریلی میں مظاہرین نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے فیصلے سے 11 ہزار ملازمین نہیں بلکہ 11 ہزار خاندان کے لاکھوں افراد متاثر ہوں گے، ہم نے ہر مشکل وقت میں کام کیا ہے، کورونا کے دور میں جانوں کے نذرانے دے کر سستا آٹا، سستی چینی، سستا گھی فراہم کیا، کورونا ہو یا برساتیں، ٹھنڈ کا موسم ہو یا گرمی، ہم نے ایمانداری سے ڈیوٹی کی ہے، یہ خود مختار ادارہ ہے، سبسڈی نہ دیں، روزگار تو کرنے دیں، غریب عوام کا کیا ہو گا؟ کہاں سے اس مہنگائی کے دور میں راشن لیں گے؟ غریب عوام کا حق چھینا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری چھوٹی چھوٹی تنخواہیں ہیں، 35 سے 40 ہزار ان تنخواہوں سے خسارہ پورا کریں گے۔ مظاہرین نے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری سے اپیل کی ہے کہ وہ ملازمین کو بے روزگار ہونے سے بچائیں، بلاول بھٹو زرداری کے نانا کا لگایا ہوا پودا ہے، بلاول نانا کے پودے کے ملازمین کو معاشی قتل سے بچائیں۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے اور انہوں نے چیف جسٹس پاکستان سے نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کردیا۔ دوسری جانب سکھر میں آل پاکستان یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن نیشنل کے ورکرز نے یوٹیلیٹی اسٹور بند کرنے کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا اور شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ ن لیگی حکومت یوٹیلیٹی اسٹور ملازمین اور ورکرز کو بے روزگار کرنے کا فیصلہ کررہی ہے، حکومتی فیصلہ عوام کے معاشی قتل کا فیصلہ ہے، یوٹیلیٹی اسٹور کا ادارہ خود کفیل ہے جو حکومت کو اربوں روپے کے ٹیکسسز ادا کرتا ہے، حکومت یوٹیلیٹی اسٹور بند کرنے کے فیصلے کو فوری واپس لے، وزیراعظم نوٹس لیں، اگر فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو کل اسلام آباد میں دھرنا ہو گا۔