کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا، جس کے باعث شہری پانی کیلیے لمبی قطاریں لگانے پر مجبور ہے۔تفصیلات کے مطابق دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے قریب پانی کی ایک پائپ لائن کی مرمت کا کام پانچ دن بعد مکمل تو کرلیا گیا لیکن کراچی میں پانی کی قلت کم نہ ہوئی۔کراچی والے پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں ، مختلف علاقوں میں پانی بحران نے شہریوں نے کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔خواتین بچے ، نوجوان گھریلو ضروریات کے لیے ہاتھوں میں بولتیں اور کین اٹھاکر گلی محلوں میں گھومتے نظر آئے جبکہ جمشیدکوارٹر کے مکین مسجدوں کے نلکوں سے بورنگ کا پانی بھرنے پرمجبور ہیں۔واٹرکارپوریشن دھابیجی میں پھٹنے والی لائن کی مرمت مکمل کرنے میں ناکام ہے ، جس کے باعث مزید دو دن کی تاخیر ہوگی۔کورنگی ناصر جمپ پرپانی کی بندش کے خلاف شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے لانڈھی سے کراسنگ جانے اورآنے والی سڑک مکمل طور پر بند کردیا۔احتجاج کے باعث اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا، شہریوں کا کہنا تھا کہ ناصر کالونی اور اطراف کے علاقوں میں 10 دنوں سے پانی بند ہے، جب تک پانی کی سپلائی بحال نہیں ہوتی احتجاج جاری رہے گا۔