کل سے کراچی سمیت سندھ بھر میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی

227

کراچی (نمائندہ جسارت)طاقت ور مون سون ہوائیں کراچی سمیت سندھ بھر میں بارشوں کا سبب بنیں گی ،سندھ پر اثر انداز ہونے والا یہ اب تک کا سب سے طاقت ور سسٹم ہے، آج سے طاقت ور مون سون ہوائیں ملک کے جنوبی حصے میںداخل ہونی ہیں، جو
کراچی سمیت سندھ بھر میں 26 سے 29 اگست تک بارش کا سبب بنیں گی۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سندھ پر اثر انداز ہونے والا یہ اب تک کا سب سے طاقت ور سسٹم ہے۔سسٹم جنوبی اور مغربی سندھ کو زیادہ متاثر کرے گا، آندھی، ہوائوں کے جھکڑ کے ساتھ تیز اور موسلا دھار بارش کا امکان ہے، سسٹم کے تحت سندھ اور مشرقی بلوچستان کے سمندر میں طغیانی رہے گی، سندھ اور بلوچستان کے ماہی گیر 27 سے 30 اگست تک سمندر میں جانے سے گریز کریں۔پورے اسپیل میں کراچی میں کچھ مقامات پر زیادہ بارش بھی ہو سکتی ہے، یہ سسٹم بحیرہ عرب میں کراچی کے جنوب تک آئے گا۔