کراچی /اسلام آباد(نمائندگان جسارت) 4 روز قبل ایران میں پیش آئے خوفناک بس حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی زائرین کو ان کے آبائی شہروں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ جاں بحق افراد کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقوں میں ادا کی گئی، جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جاں بحق افراد میں سے 10 کا تعلق سندھ کے ضلع لاڑکانہ، 6 کا کشمور، 4 کا خیرپور، 3 کا قنبر شہداد کوٹ، 2 کا جامشورو، 2 کا تعلق کراچی اور ایک کا دادو سے ہے۔دوسری طرف ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ ایران بس حادثے میں جاں بحق اور زخمی زائرین کی پاکستان منتقلی
میں تعاون پر ایرانی حکومت کے شکرگزار ہیں‘ ایران بس حادثہ کے جاں بحق 28 زائرین کی میتیں پاکستان پہنچادی گئیں، خصوصی طیارے کی آمد کے موقع پر صوبائی وزیر ناصر شاہ، وزارت خارجہ کے ڈی جی بھی موجود تھے۔ دوسری جانب حادثے میں جاں بحق اور زخمیوں کے لواحقین نے سالار اور بس انتظامیہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔