حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد کی تاجر برادری نے حکومت کی جانب سے عائد ٹیکسوں اور بجلی کے بلوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے آل پاکستان شٹر بند ہڑتال کی حمایت میں 28 اگست کو کاروبار بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔اس سلسلے میں آل پاکستان انجمن تاجران سندھ کے صدر حاجی جاوید قریشی نے حاجی ہارون، سلیم وہرہ ، اکرم گڈو، جلال خان، طارق شیخ ودیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم ملک بھر کی تاجر برادری کی جانب سے اعلان کردہ 28 اگست کی ملک گیر ہڑتال کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران طبقہ اپنی عیاشیاں ختم کرنے کے بجائے ملک کے تاجر طبقے اور عوام سے جینے کا حق چھیننا چاہتا ہے۔ ملک کا تاجر طبقہ پہلے ہی کئی طرح کے ٹیکس ادا کرتا ہے جبکہ موجودہ حکومت
نے تاجر دوست اسکیم کی آڑ تاجر دشمن ا سکیم شروع کی جو ہمیں کسی صورت قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے حکمران ملک کے دوست نہیں دشمنوں کی طرح ہیں۔ سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی چیمبر نے ٹریڈ یونین کی ہڑتال کی حمایت کی ہے ہمیں امید ہے کہ حیدرآباد چیمبرز اور چیمبرز آف کامرس ہمارا ساتھ دیں گے کیونکہ ان چیمبرز کا وجود ہمارے ووٹوں پر منحصر ہے۔