اینٹی نارکوٹکس فورس کی کارروائیاں، 70 کروڑ کی منشیات برآمد کرلی

180

راولپنڈی: اینٹی نارکوٹکس نے مختلف شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 70 کرو ڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد کرلی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق ملک میں منشیات اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، اس دوران 4 مختلف کارروائیوں میں 129 کلو منشیات برآمد کی گئی، جس کی مالیت تقریباً 70 کروڑ روپے بنتی ہے۔ اے این ایف نے منشیات برآمد کرکے 6 ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا۔

تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ کراچی ائرپورٹ پر کوریئر آفس سے انڈونیشیا بھیجے جانے والے پارسل سے 14.5 کلو آئس برآمد کرلی گئی۔ اسی طرح بس اسٹاپ حیدرآباد کے قریب گاڑی سے 105 کلو چرس برآمد کرکے 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

راولپنڈی میں پارک کے قریب 2 ملزمان سے 8.4 کلو چرس برآمد ہوئی۔ گڈاپ ٹاؤن کراچی میں ملزم سے 700 گرام چرس برآمد کی گئی۔

گرفتار کیے گئے تمام ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔