کراچی (رپورٹ: محمد انور) بلدیہ عظمیٰ کراچی نے 8 ماہ گزرنے کے بعد اپنے تشکیل شدہ نئے محکمے انفورسمنٹ اینڈ امپلی مینٹیشن(آئی آئی ایم) کو فعال کرنا شروع کر دیا۔ اس محکمے کے قیام کا مقصد مختلف افسران کو جن کا تعلق ڈسٹرکٹ انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں سے ہے ان کو ان کے روز مرہ کے کاموں کی تربیت دی جائے گی۔ اس ضمن میں حکومت نے نوٹیفکیشن اور خصوصی سرکلر کا بھی اجرا کردیا ہے۔ خیال رہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے 7 دسمبر 23 کو انفورسمنٹ اینڈ امپلی مینینٹشن کے نام سے ایک نئے27 ویں محکمہ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کا مقصد مختلف افسران کو خصوصی تربیت دینا اور مختلف قوانین پر عملدرآمد کرانا ہے۔ اس محکمے کے تحت بلدیہ عظمیٰ کے سٹی انسٹیٹیوٹ آف امیج مینجمنٹ کو افسران کی خصوصی تربیت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ سٹی انسٹیٹیوٹ آف امیج مینجمنٹ کے ڈائریکٹر محمد شاہد نے بتایا کہ مختلف محکموں کے افسران کی تربیت کے لیے تیزی سے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔