کراچی نیشنل گیمز :امن کیلیے کھیل کا میدان سجائیں گے: احمد علی

167

کراچی( اسپورٹس رپورٹر)پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے ایسوسی ایٹ سیکرٹری اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹر ی احمد علی راجپوت نے وفاقی حکومت کی جانب سے 2025 کو کھیلوں کی بحالی کا سال قرار دینے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے کھیل اور کھلاڑی کیلئے نیک شگون قرار دیا ہے۔ احمد علی راجپوت نے بتایاکہ نیشنل گیمز 2025 کی میزبانی کراچی کو ملی ہے لہٰذاہم کراچی نیشنل گیمز کیلئے بھرپور طریقے سے کھیل کا میدان سجائیں گے تاکہ ریوائیول آف اسپورٹس ممکن ہو سکے۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے پاکستان اسپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن کے صدر محمد اقبال ہارپر کی قیادت میں کراچی کا دورہ کرنے والے وفدجن میں ممبرز ایونٹ کمیٹی محبوب احمد چوہدری،تنویر احمد اورطاہر عباس شامل ہیں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر کراچی کے سینئر اسپورٹس جرنلسٹ ریاض الدین اورپاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق خازن گلفراز احمد بھی موجود تھے۔ سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹر ی احمد علی راجپوت نے کہا کہ کراچی نیشنل گیمزکا شاندار انعقاد ممکن بنانے کیلئے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسن اقبال، سندھ حکومت اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے درمیان جلد ہی ایک میٹنگ ہو گی جس میں سندھ اولمپک ایسوسی ایشن نیشنل گیمز کے انعقاد کے حوالے سے پریزینٹیشن پیش کرے گی ،جس کی منظوری کے بعد حکومت کراچی نیشنل گیمز کے انعقاد کیلئے فنڈ ز جاری کرے گی اس کے بعد باقاعدہ طور پر قومی کھیلوں کے انعقاد کیلئے تیاریوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔