کچے کے ڈاکوؤں کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر

139

لاہور:پنجاب حکومت نے کچے کے ڈاکوؤں کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر کردی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر کچے کے خطرناک ترین ڈاکوؤں (ہائی ویلیو ٹارگٹ) کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس حوالے سے صوبائی سیکرٹری داخلہ کو باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں مریم نواز کی ہدایت پر دوسرے درجے پر خطرناک ڈاکوؤں  کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے جب کہ تیسری کیٹگری کے ڈاکوؤں کی گرفتاری پر 25 لاکھ روپے انعام مقرر کیا گیا ہے۔

مریم نواز نے کہا ہے کہ رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے راکٹ حملوں میں پولیس اہلکاروں کی شہادت میں ملوث دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔