نیویارک:اقوام متحدہ میں چین کے نمائندے فو کانگ نے اسرائیل سے غزہ کی پٹی میں تمام فوجی کارروائیاں فوری بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے غزہ میں 10 ماہ سے زیادہ سے جاری ناکہ بندی، محاصرے،بمباری اور حملوں میں 40 ہزار سے زائد افراد شہید اور19لاکھ بے گھرہوچکے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کے مستقل مندوب نے کہا کہ غزہ میں تقریبا 80 فیصد گھر تباہ ہو چکے ہیں اور اسرائیلی فوج کی طرف سے 85 فیصد علاقے سے ہنگامی انخلا کے احکامات دیے گئے ہیں، اس طرح کا سانحہ مزید جاری نہیں رکھا جاسکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی برادری کی جانب سے جنگ بندی اور لڑائی کے خاتمے کا بار بار مطالبہ کیا گیا لیکن اسرائیل کے کان پر جوں تک نہیں رینگی اور اس کی جانب سے جنگ بندی کا کوئی عندیہ نہیں دیا گیا جو قابل افسوس ہے۔