اسلام آباد :وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ملک کو درست سمت میں لے جانے کے لئے تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی کا فروغ ضروری ہے،تعلیم کے شعبے پر عدم توجہ ترقی کے سفر میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی وترقی نے کہا کہ ہمیں دنیا میں مقابلہ کرنے کے لیے نوجوانوں کو نئے ہنر سکھانے ہوں گے۔ وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ نوجوانوں کو ملک کی معاشی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، ترقی کے لئیے محض انفراسٹرکچر کافی نہیں،دنیا میں کوئی ترقی یافتہ ملک ایسا نہیں جس نے تعلیم کے شعبے کو نظر انداز کر کے ترقی کی ہو۔
انہوں نے مزید کہاکہ تعلیم کے شعبے پر عدم توجہی ترقی کے سفر میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔جس طرح لیپ ٹاپ بنا سوفٹ ویئر بے معنی ہے اسی طرح تعلیم کے بغیر ہم پائیدار ترقی کا تصور نہیں کر سکتے۔ تعلیم اور انسانی وسائل میں ترقی پائیدار معاشی اور معاشرتی ڈھانچے کی بنیاد رکھتے ہیں۔