رحیم یار خان: کچے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نمازجنازہ ادا

200

رحیم یار خان میں کچے کے علاقے ماچھکہ کیمپ میں ڈاکوؤں کے حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نمازجنازہ ادا کر دی گئی۔

رپورٹ کے مطابق شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ میں وزیر داخلہ محسن نقوی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، سیکرٹری داخلہ پنجاب نورالامین مینگل ، ڈی جی رینجرز پنجاب، سیکرٹری داخلہ پنجاب ، آر پی او بہاولپور، کمشنر بہاولپور، ڈی آئی جی سکھر، ڈی پی او، ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان اور سول و عسکری حکام شریک ہوئے۔

شہدا کے اہل خانہ بھی نماز جنازہ میں موجود تھے، اس سے قبل جسد خاکی قومی پرچم میں لپیٹ کر ایمبولینسز کے ذریعے پولیس لائنز پہنچائے گئے۔

بعدازاں وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید پولیس اہلکاروں کے ایصال ثواب کیلئے دعا اور فاتحہ خوانی کی، وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان میں ڈاکوؤں کے حملے میں زخمی ہونیوالے اہلکاروں کی بھی عیادت کی ، وزیر داخلہ محسن نقوی فردا فردا تمام زخمی پولیس اہلکاروں کے پاس گئے اور ان کی خیریت دریافت کی۔

محسن نقوی  نے زخمی پولیس اہلکاروں کے بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کوعلاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔