بلاول کی وزیراعظم سے ملاقات پنجاب میں پی پی کو نظر انداز کرنے کا شکوہ

22

اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈ یسک) وزیراعظم شہباز شریف اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کی اہم ملاقات ہوئی۔ بلاو ل زرداری شہباز شریف سے ملاقات کے لیے وفد کے ہمراہ وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں اْن کا پْرجوش استقبال کیا گیا۔وزیراعظم اور بلاول کی ملاقات میں
ن لیگ، پی پی کے وفود بھی شامل تھے۔ پی پی چیئرمین وزیراعظم سے ملاقات کے بعد روانہ ہوگئے۔ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے وفد میں شیری رحمان ، نوید قمر اور راجہ پرویز اشرف شامل تھے جبکہ مسلم لیگ ن سے اسحاق ڈار ، رانا ثنا اللہ بھی ملاقات میں شامل تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور بلاول زرداری نے ملک میں مہنگائی اور بجلی کے زیادہ بلوں کا معاملہ اٹھایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم بھی ملک سے مہنگائی کا خاتمہ چاہتے ہیں، حکومت عوام دوست پالیسیاں بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی نے پنجاب میں تحریری معاہدے پر عملدرآمد نہ ہونے کا شکوہ کیا اور کہا کہ پنجاب میں پیپلزپارٹی کو مسلسل نظر انداز کی جا رہا ہے۔ملاقات میں ملک میں بجلی کے بلوں پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں جماعتوں کے قائدین نے ملک کو درپیش چیلنجر کا مل کر مقابلہ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔