وزیراعظم سے جرمن وزیر برائے اقتصادی تعاون کی ملاقات

44

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلیے جرمنی کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور جرمنی کے مابین باہمی طور پر مفید تجارتی اور اقتصادی تعلقات موجود ہیں جن کو وہ مزید مستحکم کرنے کے خواہش مند ہیں۔ جمعرات کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعظم سے جرمنی کی وفاقی وزیر برائے اقتصادی تعاون و ترقی سوینجا شولزے نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں
ملاقات کی۔ وزیراعظم نے جرمن وزیر کا پاکستان میں خیرمقدم کیا اور پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلیے جرمنی کے تعاون کو سراہا۔ وزیراعظم نے پائیدار ترقی، موسمیاتی تغیرات کے مضر اثرت میں کمی اور معاشی نمو کیلیے پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا جبکہ ملک کی معاشی بحالی کیلیے اصلاحات سمیت اپنی حکومت کی ترجیحات کا بھی ذکر کیا۔ وزیر شولزے نے وزیر اعظم کو چانسلر اولاف شولز کا تہنیتی پیغام پہنچایا اور پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی تعاون کے شعبوں میں اشتراک مضبوط بنانے کیلیے جرمنی کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جرمنی پاکستان کے قابل تجدید توانائی کے شعبے اور موسمیاتی تبدیلی سے بچاؤ کے اقدامات کے لیے اپنا تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔