اسلام آباد (خبرایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آبادمیں ہونے والاجلسہ ایک بار پھر ملتوی کر دیا۔تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل سے جاری ہدایات کے مطابق جلسے کی تاریخ تبدیل کی جا رہی ہے، اعلامیے میں کہا گیا ہے اطلاعات ہیں کہ حکومت اس جلسے کی آڑ میں انتشار پھیلانے کی سازش کر رہی
ہے۔بانی پی ٹی آئی کی جانب سے تمام کارکنان کو ہدایت کی گئی کہ جلسے کی تیاری جاری رکھیں، عوام میں نکلیں اور تحریک چلائیں، جلسے کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ عمر ایوب، اعظم سواتی اور بیرسٹر گوہر نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ہنگامی ملاقات کی جس میں جلسہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔بعد ازاں سیکرٹری جنرل تحریک انصاف عمر ایوب نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پراسلام آبادجلسہ ملتوی کیا گیا ، جلسے کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں اسلام آباد کی انتظامیہ نے سخت شرائط کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف کو 8ستمبر کو جلسہ کرنے کی اجازت دے دی۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کی جانب سے40ہدایات کے ساتھ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ نے 22 اگست کا این او سی مذہبی جماعتوں کی احتجاج کی وجہ سے منسوخ کیا،8 ستمبر کو انتظامیہ جلسے کو سیکورٹی فراہم کرے گی۔بتایا گیا ہے کہ جلسہ کرنے والے افراد کسی بھی شہری کے بنیادی حقوق کو متاثر نہیں کریں گے، لوگ شام 4 بجے اکٹھے ہوں گے اور 7 بجے جلسہ ختم کرنا ہوگا، یہ جلسے کی انتظامیہ کی ڈیوٹی ہوگی کہ جلسہ ختم کرنے کے بعد کارکنان کو منتشر کیا جائے۔نوٹیفکیشن کے مطابق لاٹھی یا کسی بھی قسم کا ہتھیار کسی کے پاس نہ ہو، دھرنا دینے، ریاستی اداروں کے خلاف تقریر کی اجازت نہیں ہوگی، شرکا کی حفاظت کی مکمل ذمہ داری منتظمین پر ہوگی، اسٹیج کے لیے شرکا کی فہرست 12 گھنٹے قبل انتظامیہ کو مہیا کرنا ہوگی، کسی بھی سیکورٹی صورتحال پر جلسے کا این او سی منسوخ کر دیا جائے گا۔ ادھربانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے پی ٹی آئی رہنماؤں پر الزام لگایا ہے کہ کسی کا ارادہ ہی نہیں کہ عمران خان کو جیل سے باہر نکالا جائے۔ علیمہ خان کے مطابق ان کو ملاقات کے لیے اسٹیبلشمنٹ نے ہی بھیجا ہے، اعظم سواتی صبح ساڑھے 7 بجے بانی پی ٹی آئی سے ملنے کیوں گئے؟ یہ ایک سوال ہے، اعظم سواتی کو کس نے بھیجا تاکہ بانی پی ٹی آئی کوکہہ سکیں کہ ہم جلسہ ملتوی کر رہے ہیں، ہمیں آپ کے نام پر جلسہ ملتوی کرنا ہے، اعظم سواتی صبح ملنے کے لیے گئے کیسے؟ انہیں اجازت کیسے مل گئی؟علیمہ خان کا کہنا تھا کہ وہ کئی بار کہہ چکی ہیں کہ یہ جیل میں بیٹھے ہوئے بانی پی ٹی آئی سے پوچھ کیوں رہے ہیں، پارٹی کے چیئرمین توباہربیٹھے ہوئے ہیں، جب ان کا دل کرتا ہے تو فیصلے تویہ خود کرتے ہیں لیکن عمران خان کو نکالنے کی بات آتی ہے تویہ اس سے پوچھنے بیٹھ جاتے ہیں۔ادھر اپوازیشن اتحادکے سربراہ محمود خان اچکزئی نے بھی شکوہ کیا ہے کہ تحریک انصان نے جلسہ ملتوی کرنے کے حوالے سے ہمیں اعتماد میں نہیں لیا ۔ مزید برآں تحریک انصاف کے رہنما شیرافضل مروت کو پولیس نے گرفتار کرکے پھر رہا کردیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق شیر افضل مروت کی جانب سے انتشار نہ پھیلانے کی یقین دہانی کے بعد رہا گیا۔دوسری جانب اسلام آباد کے علاقے ترنول میں پولیس پر فائرنگ کرنے کے الزام میں تحریک انصاف کے رہنما ایم این اے ارباب عامر ایوب کو گرفتار کرلیا گیا۔علی امین گنڈاپور نے پی ٹی آئی کارکنوں میں 5، 5 ہزار روپے تقسیم کیے‘ ذرائع کا کہنا ہے کہ ارباب عامر ایوب کی فائرنگ سے ایس ایچ او سمیت 8 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، ایم این اے ارباب عامر ایوب کو ساتھیوں سمیت گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق ارباب عامر ایوب کے ساتھ ایم پی اے کے امیدوار ملک شہاب بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کا اسلحہ اور گاڑیاں بھی قبضے میں لے لیں۔