عیسیٰ نگری میں پینے کے پانی سپلائی کیلیے کام جاری ہے‘ میئر کراچی

95

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے عیسیٰ نگری میں پینے کے پانی کی سپلائی کے لئے کام جاری ہے، ماضی میں اس علاقے کو نظر انداز کیا جاتا رہا، پیپلزپارٹی ہر علاقے میں بلاامتیاز و تفریق کام کر رہی ہے، ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے پسماندہ اور ترقی یافتہ علاقوں کے فرق کو ختم کرنا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز عیسیٰ نگری ضلع شرقی کے دورے کے موقع پر کیا، پیپلزپارٹی ضلع شرقی کے صدر اقبال ساند، جنرل سیکریٹری ریاض بلوچ، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، یوسی چیئرمین صنم بلوچ اور پروجیکٹ ڈائریکٹر عثمان معظم بھی ان کے ہمراہ تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عیسیٰ نگری میں پانی کی لائنوں کا کام مکمل ہونے کے بعد پینے کے صاف پانی کا مسئلہ حل ہوجائے گا، عیسیٰ نگری کے دیگر بلدیاتی مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا یہ وڑن ہے کہ کراچی ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا، میئر کراچی نے کہا کہ شہری بدلتا ہوا کراچی دیکھ رہے ہیں اور تنقید کرنے والوں سے کراچی کی تعمیر و ترقی ہضم نہیں رہی۔