ایک سال سے فتنہ پارٹی، جلسہ جلسہ احتجاج احتجاج کھیل رہی ہے: عظمیٰ بخاری

194
protests and protests for a year

لاہور : وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایک سال سے فتنہ پارٹی جلسہ جلسہ اور احتجاج احتجاج کھیل رہی ہے۔ پی ٹی آئی کے جلسوں کا مقصد صرف شر انگیزی پھیلانا ہے۔

وزیراطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل کا قیدی ملک سے مخلص ہے نہ ہی قوم سے مخلص ہے۔ ڈیجیٹل دہشتگرد پرامن ہوتے ہیں نہ مہذب بلکہ یہ شدت پسندی کا آخری درجہ ہوتے ہیں۔ ہمیں کب سے سننا پڑ رہا ہے کہ جلسہ ہو رہا ہے، جلسہ ملتوی ہو گیا ہے، وہ آرہا ہے، وہ ایڈجسٹ ہو چکا ہے وغیرہ۔ تعمیری سیاست،تنقید برائے اصلاح جیسی جمہوری روایات سے پی ٹی آئی کا کوئی تعلق نہیں۔ جو شرانگیزی آپ پریس کانفرنسز اور سوشل میڈیا پر پھیلاتے ہیں وہی شرانگیزی جلسے میں پھیلانی تھی۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ سیاسی لوگ پرامن جدوجہد کرتے ہیں جبکہ غیر سیاسی لوگ عوام میں انتشار اور افرا تفری پھیلانے کو جدوجہد کا نام دیتے ہیں۔

ان کاکہنا تھا کہ پاکستان کا نوجوان اڈیالہ جیل کے قیدی اور اس کے کوچ کی حقیقت جان چکا ہے۔کتنے تعجب کی بات ہے کہ ڈیڑھ سال سے ہر سیاسی لیڈر اور اداروں کے سربراہان کے خلاف غلیظ ترین مہم چلانے والے کہتے ہیں ہم پرامن لوگ ہیں۔200 سے زائد فوجی تنصیبات پر حملے کرنے والے اور شہداء کے مجسمے جلانے والے کس منہ سے کہتے ہم پرامن لوگ ہیں۔ نو مئی کی ناکام بغاوت کے ایک ایک کردار کو کٹہرے میں کھڑے کرنے کا وقت آگیا ہے۔