وزیراعظم سے بلاول کی ملاقات، پنجاب میں پیپلز پارٹی کو اہمیت نہ دینے کا گلہ

224

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی ہے، جس میں انہوں نے پنجاب میں پیپلز پارٹی کو اہمیت نہ دینے کا گلہ کیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری پارٹی وفد کے ساتھ وزیراعظم ہاؤس پہنچے۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کا وفد بھی موجود تھا جنہوں نے مہمان وفد کا استقبال کیا۔

ذرائع کے حوالے سے نجی ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ن لیگ کی جانب سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق  ڈار، رانا ثنا اللہ اجلاس میں موجود تھے جب کہ پیپلز پارٹی کے وفد میں نوید قمر، شیری رحمن اور راجا پرویز اشرف شامل تھے۔

دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے مابین ملاقات مجموعی طور پر خوشگوار رہی۔ اس دوران بلاول بھٹو نے ملک میں مہنگائی اور بجلی کے بھاری بلز کے معاملے پر بات چیت کی، جس پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت بھی مہنگائی جلد از جلد کم کرنا چاہتی ہے اور اس حوالے سے دن رات کی محنت سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی نے پنجاب میں تحریری معاہدے پر عمل نہ ہونے کا شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں پیپلزپارٹی کو مسلسل نظر انداز کی جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے ملک کو درپیش مسائل اور بحرانوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ جدوجہد کے عزم کا اعادہ کیا۔