رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کا بڑا حملہ، 11 پولیس اہلکار شہید

362

رحیم یار خان:کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں نے بڑا حملہ کرکے گیارہ پولیس اہل کاروں کو شہید کردیا۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق پنجاب اور سندھ کے سرحدی علاقے رحیم یار خان میں  کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں نے پولیس پر بڑا اور شدید حملہ کیا، جس میں 11 اہل کار شہید ہو گئے جب کہ 7زخمی ہیں اور کچھ اہل کاروں کے لاپتا ہونے کی اطلاع بھی ہے۔

کچے کے علاقے میں ماچھکہ کیمپ 2 پر ڈاکوؤں کی جانب سے نفری تبدیل کرنے والی پولیس کی گاڑیوں پر راکٹ برسائے گئے۔ پولیس کی جانب سے ڈاکوؤں کو  قابو کرنے کے لیے ماچھکہ میں قائم کیمپ پر کم و بیش 25 مسلح ڈاکوؤں نے حملہ کیا۔

راکٹوں سے کیے گئے بڑے حملے میں پولیس موبائلیں تباہ اور 11 اہل کار موقع پر ہی شہید ہو گئے جب کہ 7 اہل کاروں کے زخمی ہونے اور کچھ کے لاپتا ہونے کی اطلاع ہے۔

پولیس پر حملے کا پتا چلتے ہی پولیس کی بھاری نفری کو جائے وقوع پر طلب کرلیا گیا ہے جب کہ صورت حال کو سامنے رکھتے ہوئے ایمبولینسیں بھی منگوائی گئی ہیں۔