راولپنڈی ٹیسٹ کا دوسرا دن: پاکستان کی447 رنز پر بیٹنگ ڈکلیئر، بنگلادیش کے 27 رنز

239

راولپنڈی:ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے دوسرے دن  پاکستان ٹیم کی جانب سے 447 رنز پر بیٹنگ ڈکلیئر کردی گئی جب کہ دن کے اختتام تک بنگلادیش نے 27 رنز بنا لیے تھے اور اس کا کوئی کھلاڑی آؤٹ نہیں ہوا تھا۔

دوسرے دن کے اختتام پر بنگلادیش کے شادمان اسلام 12 اور ذاکر حسن 11 رنز کے ساتھ پچ پر موجود تھے۔

قبل ازیں پہلی اننگز میں پاکستان کی جانب سے 448 رنز  پر بیٹنگ ڈکلیئر کردی گئی تھی اور اس کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔ قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے 171 رنز کی شان دار ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

دوسرے دن کے میچ میں قومی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز کو جاری رکھا اور 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے۔ سعود شکیل اور محمد رضوان نے ہوم گراؤنڈ پر پاکستان کے لیے دوسری سب سے بڑی شراکت داری بنائی۔

سعود شکیل141 رنز بنا کر مہدی حسن میراز کے ہاتھوں پویلین پہنچے۔ اسی طرح سلمان علی آغا صرف 19 رنز بنا کر میدان سے باہر گئے جب کہ محمد رضوان 171 اور شاہین شاہ آفریدی نے 29 رنز بنائے اور دونوں ناٹ آؤٹ رہے۔

بنگلادیش کی جانب سے شورف الاسلام اور حسن محمود نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ مہدی حسن مرزا اور شکیب الحسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔