الخدمت کا اہم اجلاس: شعبہ جاتی کارکردگی کا جائزہ، ڈائریکٹرز کو خراج تحسین پیش

258
tributes to directors

کراچی: چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نویدعلی بیگ نے کہا ہے کہ الخدمت کے تمام پروگرامز اور شعبہ جات کے ڈائریکٹررضاکارانہ اور روزانہ کی بنیاد پرخدمات انجام دیتے ہیں۔ان ڈائریکٹرز کی خدمات لائق تحسین ہیں۔

چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ لوگوں کی خدمت کے لیے اپنا وقت اور پیسہ خرچ کرنا بڑی نیکی ہے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز الخدمت کے مرکزی دفتر میں تمام پروگرامز اور شعبہ جات کے ڈائریکٹرزکیاہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہی۔

اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی، صحت، تعلیم، واش پروگرام، کفالت یتامیٰ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، کمیونٹی سروسز، مواخات، بنوقابل پروگرامز اورشعبہ جات آغوش ہوم، ڈائیگنوسٹک سروسز، فارمیسی سروسز ، والنٹیر سروسز، الخدمت تفہیم المدارس سمیت دیگر شعبوں کے ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔

اجلاس میں تمام ڈائریکٹرز نے اپنے اپنے شعبوں میں گزشتہ 6ماہ میں کیے جانے والے کاموں کا جائزہ پیش کیا۔2024 کے باقی سیشن کے حوالے سے منصوبہ بندی سے آگاہ کیا اورآئندہ کے چیلنجز سے متعلق بھی بات چیت کی۔اجلاس میں الخدمت کی تمام سروسز کو اعلیٰ معیار کے مطابق بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

نوید علی بیگ کا کہنا تھا کہ انسانیت کی خدمت سے جواطمینان حاصل ہوتا ہے اس کا کوئی نعم البدل نہیں۔ الخدمت کا کام ذمہ داری کا کام ہے۔ تمام ڈائریکٹرز خدمت کا کام انتہائی ذمہ داری اوراللہ رکی رضا و خوشنودی کے لیے کرتے ہیں۔یہ اجروثواب کی بات ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم یہاں ایک خاندان کی طرح مل کر کام کرتے ہیں جس کا مقصد لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے۔الخدمت کے شعبہ جات میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے، ان شعبوں میں مزید بہتری لائی جائے گی اوراس کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جنوری 2025کے آغاز میں الخدمت کے تحت ایک بڑاپروگرام منعقد کیا جائے گا۔