ذمہ داری سے کام نہ لیا تو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی ایک نعمت کی بجائے بوجھ بن سکتی ہے، احسن اقبال  

252
rocket in space

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی   احسن اقبال کا کہنا ہے کہ  بدقسمتی سے ہم نے قوم کی باگ ڈور کسی ناتجربہ کار کو سونپ دی تھی،اس  فیصلے کے نتائج آنیوالے برسوں تک بھگتنا پڑیں گے ، ہم نے  عدم استحکام اور پالیسی کے تسلسل پر توجہ نہ دی تو  باقی دنیا سے بہت پیچھے رہ جائیں گے۔

  “ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے پاکستان کو بااختیار بنانا” کے موضوع پر قومی کانفرنس  سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی نے کہاکہ  ہمارے ملک میں ہمسایہ ممالک کے مقابلے میں بدعنوانی کم ہے، لیکن گزشتہ ایک دہائی کے دوران، پاکستان کی ساکھ کو داغدار کیا گیا ہے،ڈیجیٹل ٹیکنالوجی ایک لازمی جزو بن چکی ہے، ہم نے ذمہ داری سے کام نہ لیا تو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی ایک نعمت کی بجائے بوجھ بن سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ جدید دنیا پہلے ہی ڈیجیٹل ٹکنالوجی کی وجہ سے نمایاں تبدیلیوں سے گزر چکی ہے، جس سے ڈیجیٹل انقلاب عصری ترقی کی پہچان ہے، آج ہم مخصوص خطوں یا مقامات تک محدود نہیں رہے بلکہ ایک وسیع عالمی نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔